حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،محرم الحرام کے انتظامی معاملات کے حوالے سے ڈسٹرکٹ سینٹرل ریزیڈنٹس کمیٹی کے اہم اجلاس کا انعقاد مسجد و امام بارگاہ حسینیہ سجادیہ نارتھ ناظم آباد میں کیا گیا، اجلاس میں جلوس عزاء کے پرمٹ ہولڈر حضرات سمیت رہائشی حضرات نے شرکت کی۔
اجلاس میں آغاز میں کمیٹی رہنماء محترم شعبان نے شرکاء اجلاس کو کمیٹی کی تشکیل سے لیکر اب تک کی کارکردگی سے آگاہ کیا جبکہ مختلف جلوس عزاء کے پرمٹ ہولڈر حضرات نے درپیش انتظامی مسائل کے حوالے سے کمیٹی کو آگاہ کیا، کمیٹی کے سربراہ محترم علی نقوی نے شرکاء اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے مسائل کے حل کے سلسلے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، اس موقع پہ کمیٹی کے اجلاس میں سابق ممبر قومی اسمبلی و سابق چئیرمن ضلع وسطی ریحان ہاشمی نے ایم کیو ایم (پاکستان) کے وفد کے ہمراہ شرکت کی اور کمیٹی کے ارکان و پرمٹ ہولڈر حضرات سے ملاقات کی۔
اس موقع پہ کمیٹی کے رہنماء محترم علی نقوی نے ریحان ہاشمی سے ایام عزاء کے انتظامی امور کے حوالے سے درپیش مسائل پر بات چیت کی اس موقع پہ سابق ممبر اسمبلی نے پارٹی کی طرف سے محرم الحرام کے انتظامی امور میں حائل رکاوٹوں و پریشانیوں کے حل کے سلسلے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ماضی میں بھی محرم الحرام کے انتظامی معاملات میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے اور اب بھی جبکہ حکومتی معاملات میں پارٹی شامل نہیں لیکن محرم کے انتظامی معاملات کے حل کے سلسلے میں ہم اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ سینٹرل ریزیڈنٹس کمیٹی کے رہنماء محترم علی نقوی، محترم شعبان، محترم عشرت، محترم سجاد، محترم شان رضوی جبکہ ایم کیو ایم کے وفد میں سابق ممبر قومی اسمبلی محترم ریحان ہاشمی، یو سی 22 کے آرگنائزر اختر و اراکینِ کمیٹی، ٹاؤن آرگنائزر فیصل شیرازی، شہزور ابراہیم، ٹاؤن کمیٹی ممبر اسد عباس سمیت دیگر شامل تھے۔